کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) نے 84 انچ قطر کی واٹر لائن کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 84 انچ قطر کی پانی کی لائن کراچی کے علاقے احسن آباد کے قریب پھٹی تھی جس کی مرمت کی گئی، جبکہ کچھ فاصلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے مذکورہ لائن کا ہٹایا گیا کالر بھی نصب کردیا گیا۔
نامعلوم شرپسند افراد نے عید کی تعطیلات کے آغاز میں ہی احسن آباد کے قریب سے گزرنے والی واٹر بورڈ کی پانی کی لائن کے والو پر نصب کالر ہٹا دیا جس کے باعث پیدا ہونے والے پریشر سے کچھ دور 84 انچ قطر کی لائن پھٹ گئی۔
واٹر لائن پھٹنے کے باعث شہرِ قائد کے علاقے نارتھ کراچی، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد سمیت متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی جس پر واٹر بورڈ کے ایم ڈی اسد اللہ خان نے ہدایات دیں کہ مذکورہ لائن سے پانی کی فراہمی معطل کرنے کے بعد اسے مرمت کیا جائے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ کی ہدایات کے تحت متاثرہ متعدد علاقوں کو متبادل لائن سے پانی کی فراہمی جاری رکھی گئی اور واٹر بورڈ کے عملے نے عید کی تعطیلات قربان کرتے ہوئے رات دن ایک کرکے محنت کی اور والو کا کالر دوبارہ اپنی جگہ نصب کیا گیا۔
مسلسل 3 دن کی جدوجہد کے بعد پانی کی لائن کی مرمت مکمل کردی گئی۔ مرمت مکمل ہوتے ہی پیر کی شام سے مذکورہ لائن سے پانی کی فراہمی تمام متاثرہ علاقوں کو ایک بار پھر بحال کردی گئی جس پر واٹر بورڈ کے متعلقہ اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں۔