ریاض: سعودی عرب سے پاکستان کے سردی سے متاثرہ عوام کے لیے امدادی پیکیج جاری کردیا گیا، سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے 1 لاکھ 50 ہزار مستحقین کی مدد کے لیے سامان بھیج دیا۔
سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے مستحق افراد کے لیے 180 ٹن وزنی امدادی پیکیج کے 30 ہزار تھیلوں میں سے ہر ایک میں 2 کمبل، جرابوں کے 5 جوڑے، دستانے اور ٹوپیاں موجود ہیں۔
ریلیف مرکز کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی طرف سے بھیجا گیا امدادی پیکیج پاکستان کے تمام صوبوں میں ہدایات کے مطابق تقسیم کیا جائے گا جس سے سردی سے ٹھٹھرتے ہوئے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔
پاکستانی حکام نے سعودی عرب سے آنے والا امدادی پیکیج وصول کر لیا۔ حکومت کی طرف سے سردیوں کے موسم میں سعودی فرماں روا کی طرف سے آنے والی امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں بشمول لاہور، کراچی، اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں شدید سردی کے دوران سعودی عرب کی طرف سے امدادی پیکیج ایک خوبصورت تحفہ ہے۔