برطانیہ کی مشہور ٹی وی اسٹار و ریئلٹی شوز کی ملکہ اور ہم جنس پرست کمیونٹی کی آئیکون کم ووڈ برن 83 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔
ان کے اہلِ خانہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کم ووڈ برن نے کچھ عرصہ قبل صحت کی خرابی کے باعث تمام پیشہ ورانہ مصروفیات ترک کر دی تھیں اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنا بند کر دیا تھا۔
کم ووڈ برن نے رواں سال مارچ میں اپنے مداحوں کے لیے ایک پیغام میں لکھا تھا کہ اب مزید ویڈیوز نہیں ، مجھے ٹھیک ہونے کے لیے وقت درکار ہے۔
کم ووڈ برن کو شہرت 2003 سے 2009 تک چینل فور کے مشہور پروگرام ’ہاؤ کلین اِز یور ہاؤس؟‘ میں معاون میزبان کی حیثیت سے ملی جس کی بدولت انہیں ’کوئین آف کلین‘ کا لقب ملا۔
یہ پروگرام نہ صرف برطانیہ بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقبول ہوا اور وہ بعد میں کینیڈا میں اسی طرز کے شو ’کمز روڈ اویکننگز‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
انہوں نے اپنی بے باک شخصیت اور صاف گوئی کے باعث ریئلٹی شوز جیسے ’آئی ایم اے سیلیبریٹی،گیٹ می آؤٹ آف ہیئر!‘ اور ’سیلیبریٹی بگ برادر‘ میں بھی بھرپور مقبولیت حاصل کی، جہاں وہ 2017 میں تیسرے نمبر پر رہیں۔
ان کی شہرت کا دائرہ صرف ریئلٹی شوز تک محدود نہیں رہا بلکہ وہ برطانوی ٹاک شوز ’لوس وومن‘ اور ’دس مارننگ‘ میں بھی متعدد بار جلوہ گر ہوئیں اور اپنے دبنگ انداز سے ناظرین کو محظوظ کیا۔
سوشل میڈیا پر ان کی وفات پر مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جذباتی انداز میں انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ایک صارف نے لکھاکہ کم جیسی شخصیت دوبارہ پیدا نہیں ہوگی، وہ ریئلٹی ٹی وی کی ایک سچی علامت تھیں۔
ایک اور مداح نے جذباتی انداز میں کہاکہ کم ووڈ برن، آپ ہمیشہ ہماری کوئین آف کلین رہیں گی۔ آپ نے ہمیں بے شمار خوشیاں، قہقہے اور سچائی دی۔ آپ نے کبھی کسی کی فضول بات برداشت نہیں کی۔ شکریہ کم، خدا حافظ۔”
ایک اور صارف نے کہا: میں واقعی صدمے میں ہوں کہ کم ووڈ برن اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔ ان جیسا اندازِ بیان اور اثر انگیزی کسی اور میں نہیں تھی۔
کئی مداحوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کم ووڈ برن ہم جنس پرست کمیونٹی کی ایک سچی آئیکون تھیں، جنہوں نے ہمیشہ اپنی شناخت، حق گوئی اور خود اعتمادی سے دوسروں کو متاثر کیا۔