لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین پی ٹی آئی کی طرح کہیں قبضہ کرنے نہیں جا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر وزیرِ اعظم پر چور، ڈاکو یا غدار کا نعرہ لگتا آیا ہے، حکومت جانے کے ساتھ ساری گرد رخصت ہوجاتی ہے۔
سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے پاس آپشنز محدود نہیں ہیں۔ پی ڈی ایم خود فیصلہ کرے گی کہ کون سا پتہ کب شو کرنا ہے۔ ن لیگ کی ساری قیادت پیشیاں بھگت رہی ہے۔
ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف دوبارہ جیل میں ہیں۔ ریلوے کو بہتر کرنے کی کوشش کا نتیجہ یہ نکلا کہ میں نے 16ماہ جیل میں کاٹے۔
اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سرکاری ملازمین پر بہیمانہ تشدد کی مذمت کرتے ہیں۔ ملازمین پی ٹی آئی کی طرح کہیں قبضہ نہیں کرنے جا رہے تھے جن پر شدید شیلنگ کی گئی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب شیلنگ ہورہی تھی تو ایسا لگا جیسے بادل نیچےآگئے ہوں۔ حکومت کے منہ کو خون لگ گیا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ سرکاری ملازمین کے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کرنا چاہئے جیسا کہ اپوزیشن کے ساتھ ٹارچر کیاجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو اپنے بلیک ہولز نظر نہیں آتے، جس دن جادو کا محل گرا، سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ اپوزیشن سے لیے جانے والے سیاسی انتقام کی مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلیکٹیڈ حکومت کا عوام دشمن روپ بے نقاب ہوچکا ہے۔شازیہ مری