اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے نگراں وزیر اعظم کیلئے نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے نگراں وزیر اعظم کیلئے 5 نام شارٹ لسٹ کردئیے ہیں اور پانچوں نام سیاستدانوں کے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے نواز شریف سے رابطہ کیا تھا۔
بغاوت کا کیس، شہباز گل کو اشتہاری قرار دینے کا تفصیلی فیصلہ جاری
بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف مشترکہ محاذ بنانے کیلئے پیغام بھیجا تھا۔ وفاقی حکومت نگراں وزیر اعظم کا فیصلہ ایک ہفتے میں کر لے گی جبکہ اسمبلیاں اپنی مدت سے ایک دو روز قبل تحلیل ہوجائیں گی۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے نگراں حکومت کیلئے مشاورت کا عمل تیز کردیا۔ وفاقی وزیر نوید قمر کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعظم کے نام پر حکمراں اتحاد میں شامل تمام جماعتیں مشاورت کریں گی۔ ن لیگ سمیت کسی جماعت نے کوئی نام نہیں دیا۔
وفاقی وزیر نوید قمر نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے شرائط پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیر اعظم کیلئے معاشی ماہر یا جج ہونا ضروری نہیں ہے۔ نگراں حکومت نے صرف الیکشن تک کا وقت گزارنا ہے۔