اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئینِ پاکستان غیر جانبدار اداروں پر غداری کے الزامات نہ لگانے کا تقاضا کرتا ہے۔ سیاستدان کیلئے ایک مدت کی نااہلی ہی بہت ہے، تاحیات نا اہل نہیں کیا جانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نیوٹرل اداروں کو میر جعفر، میر صادق اور جانور کے خطابات نہ دئیے جائیں۔ عمران خان آئین کی پاسداری کی قسم دیتے ہیں تو تحریکِ عدم اعتماد بھی تسلیم کرنا ہوگی۔
نواز شریف جلد وطن واپس آئینگے، احتیاط کی ضرورت ہے۔خواجہ آصف
گفتگو کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آج پاکستان کا یہ حال ان ہی لوگوں کی وجہ سے ہے جن کو صادق اور امین قرار دیا گیا تھا۔ ہم گناہ گاروں کیلئے صادق اور امین کا لفظ استعمال نہیں کیاجاسکتا۔ عمران خان کا کارکنان سے لیا گیا حلف اقتدار سے مشروط تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے مگر ان کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل پنجاب میں تبدیلی لانا ضروری ہوگا۔
گزشتہ ماہ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مریم نواز کے بری ہونے کے بعد نواز شریف کی بھی وطن واپسی جلد ہوگی۔ ہم اس پوزیشن میں ہوجائیں گے کہ پنجاب میں تبدیلی لاسکیں۔