پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کے بعد خوشدل شاہ کا مداحوں سے جھگڑا، سیکورٹی کو مداخلت کرنا پڑی۔
پاکستانی آل راؤنڈر خوشدل شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے شکست کے بعد مداحوں سے جھگڑ پڑے۔
یہ واقعہ تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو تینتالیس رنز سے شکست کے بعد پیش آیا جس کے نتیجے میں میزبان ٹیم نے سیریز میں کلین سویپ حاصل کر لیا۔
پاکستان کو بیالیس اوورز میں دو سو پینسٹھ رنز کا ہدف ملا تھا۔ بابر اعظم نے ستاون گیندوں پر پچاس رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، تاہم پاکستانی ٹیم چالیسویں اوور میں دو سو اکیس رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے بین سیئرز نے نو اوورز میں چونتیس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
شکست کے بعد اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے جملے بازی پر خوشدل شاہ کا ردِعمل شدید تھا اور وہ مداحوں سے الجھنے کی کوشش کرنے لگے تاہم سیکورٹی اہلکاروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کرایا۔
واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوشدل مداحوں کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خوشدل شاہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف سولہ مارچ کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں غیر مناسب برتاؤ پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ اور تین منفی پوائنٹس کی سزا دی گئی تھی۔