کراچی: سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی راہ میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان)، مسلم لیگ (ن) اور الیکشن کمیشن رکاوٹ نظر آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینئر مرکزی رہنما پی پی پی خورشید شاہ نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایک پارٹی موجودہ حالات سے ملک کو نکالنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی میں کچھ لوگ ساتھ نہیں چلنا چاہتے۔
پیپلزپارٹی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز جلد کرے گی۔بلاول
گفتگو کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ احسن اقبال کے بیان کے بعد چینی 200روپے تک جا پہنچی، اسحاق ڈار کا بھی کہنا تھا کہ چینی اسٹاک کے مطابق ہے، مجھے احسن اقبال کی الزام تراشی یا مافیا کو سپورٹ کرنے کے متعلق کچھ علم نہیں۔
پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ چینی کا ریٹ 90 سے 100 روپے تک ہونا چاہئے جو آج بہت مہنگی فروخت ہورہی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ الیکشن ہوں اور ایک منتخب حکومت اقتدار میں آئے۔ نگران وزیر اعظم کی 6 سے 7 میٹنگز میں بجلی پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
سابق وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کرانا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پکڑ دھکڑ چھوڑیں اور الیکشن کرائیں۔ نئی حکومت کو فیصلے کا موقع دینا ہوگا۔ میں نہیں سمجھتا کہ انتخابی مہم کیلئے نواز شریف وطن واپس آنے والے ہیں۔