کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں کراچی جرائم پیشہ عناصر کیلئے جنت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبے کے سربراہ نے عوام کو کنگال کرنے کے بعد اب لٹیروں کو کھلی چھوٹ دیدی ہے۔
خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ نالائق اعلی کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی شہریوں کیلئے وبال جان ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے امن کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا بس چلے تو منشیات فروشوں کو بھی سبسڈی دینا شروع کردیں۔
رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ناک کے نیچے منشیات کھلے عام بیچی جارہی ہے، گزشتہ شب کورنگی میں پولیس اہلکار کو سرعام فائرنگ سے شہید کردیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں دن دہاڑے بینک لوٹے گئے جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، شہریوں سے موبائل فونز، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں ہزاروں کی تعداد میں چھین لی گئیں۔ شہریوں کے لوٹ جانے کے بعد ملزمان کیخلاف مقدمات بھی درج نہیں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام گھروں سے نکلنے سے خوفزدہ ہیں، وفاقی حکومت سے کراچی کے امن کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر کے بگڑتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے وفاق اپنا کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ