ریاض: پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں اسلامی عسکری اتحاد میں کینیا بھی شامل ہوگیا جس سے دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار رکن ممالک کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کیلئے قائم اسلامی عسکری اتحاد میں جمہوریہ کینیا بھی شامل ہوگیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کا کہنا ہے کہ کینیا کی رکن ممالک کے طور پر اسلامی اتحاد میں شمولیت کا باضابطہ اعلان ہوا جس پر رکن ممالک نے مسرت کا اظہار کیا۔
فلسطینیوں کی آواز دبانے کیلئے گوگل اور اسرائیل کا 1 ارب ڈالر کا معاہدہ
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیا کی اسلامی عسکری اتحاد میں شمولیت کے موقعے پر عسکری اتحاد ہیڈ کوارٹرز میں سادہ اور پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ رکن ممالک کے ساتھ کینیا کا پرچم بھی شامل کر لیا گیا جسے خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔
تقریب میں سعودی عرب میں تعینات کینیائی سفیر پیٹر نکولس رنگ اکیگو اور دیگر سفارتکار بھی شریک ہوئے۔ سیکریٹری جنرل اسلامی عسکری اتحاد میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے کینیا کی رکن کے طور پر شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا اور اسے مثبت اقدام قرار دیا۔
واضح رہے کہ جمہوریہ کینیا مشرقی افریقہ کا اسلامی ملک ہے جس کے جنوب مغرب میں بحرِ ہند، جنوب میں تنزانیہ، مغرب میں یوگنڈا، شمال مغرب میں جنوبی سوڈان، شمال میں ایتھوپیا اور شمال مشرق میں صومالیہ جیسے ممالک واقع ہیں۔ اس ملک کی وجہِ شہرت ایتھلیٹکس کو قرار دیا جاتا ہے۔