کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو اضافی وصولیوں کی واپسی کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔
کے الیکٹرک نے کراچی کے صارفین سے اربوں روپے کی اضافی وصولی کا اعتراف کیا ہے۔ کمپنی کی درخواست کے مطابق بجلی کے صارفین کو فی یونٹ 4.98 روپے ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی اس درخواست پر سماعت 15 جنوری کو مقرر کی ہے، جس میں صارفین کو واپس کی جانے والی اضافی رقم کا حتمی تعین کیا جائے گا۔
پیسے کمانے کے علاوہ کوئی کام نہیں اور، کے الیکٹرک پاکستان کی سب سے غیرمحفوظ الیکٹرک کمپنی کیسے؟
واضح رہے کہ نیپرا نے نومبر میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں 40 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔ یہ اضافہ اگست 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا حصہ تھا، جس کی اضافی رقم صارفین کو جنوری 2025 کے بلوں میں ادا کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ، نومبر کے بلوں میں صارفین نے جون کی ایڈجسٹمنٹ کے طور پر 3.17 روپے فی یونٹ اضافی ادائیگی کی، جبکہ دسمبر میں جولائی 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 3.03 روپے فی یونٹ اضافی ادا کیے جا رہے ہیں۔
کے الیکٹرک نے اگست کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے لیے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے 40 پیسے فی یونٹ کی منظوری دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔