کوچی: ملیالم فلم انڈسٹری میں اسکرین پر گزشتہ 6دہائیوں سے اداکاری کرنے اور زیادہ تر فلمز میں ماں کا رشتہ نبھانے والی اداکارہ کاویور پونما انتقال کرگئیں۔ ان کے ساتھ سب سے زیادہ بیٹے کا کردار نبھانے والے اداکار موہن لال نے ان کو نمناک خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کاویور پونما اور موہن لال دونوں کے مابین فلمز میں ماں اور بیٹے کا رشتہ اتنا زیادہ رہا کہ دونوں آپس میں آف اسکرین بھی ماں اور بیٹے کے طور پر ملاقات اور گفتگو کیا کرتے تھے۔ خاص طور پر 1980 اور 1990 کی دہائی میں دونوں نے بہت سی فلمز ایک ساتھ کیں۔
عام طور پر موہن لال کو عوامی تقریبات میں نہیں دیکھا جاتا کیونکہ وہ زیادہ میل جول رکھنے والے اداکار نہیں ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ موہن لال ہفتے کے روز پونما کے انتقال کے موقعے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے میونسپل ٹاؤن ہال پہنچے اور گھنٹوں ان کے ساتھ گزارے۔
اداکار موہن لال نے ملیالم فلم انڈسٹری میں اپنی والدہ قرار دی جانے والی فنکارہ کو نمناک خراجِ تحسین پیش کیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ دونوں فنکار 1993 کی فلم چنکول، 1989 کی کریدوم، 1989 کی وندانم اور 1992 کی ویتنام کالونی میں بھی ایک ساتھ اداکاری کرتے نظر آئے تھے۔
ماضی میں متعدد مواقع پر اداکارہ کاویور پونما موہن لال اور ان کے اہلِ خانہ سے محبت و شفقت کا اظہار کرچکی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب میں عوامی تقریبات میں شرکت کرتی ہوں تو لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ آپ اپنے بیٹے کو کیوں ساتھ نہیں لاتیں، لوگ ہمیں حقیقت میں بھی ماں اور بیٹا ہی سمجھتے ہیں۔
فیس بک پر اپنے ایک پیغام میں اداکار موہن لال نے کہا کہ میری بہت پیاری پونما چیچی نے ہمیشہ میرے لیے محبت و شفقت کا اظہار کیا اور بطور اداکار اتنی ہی محبت میرے کرداروں کو بھی دی، جیسا کہ ایک اصلی ماں دے سکتی ہے۔ پونما کاویور کے انتقال پر ملیالم فلم انڈسٹری غمزدہ ہے۔