کراچی :کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سر پرست اعلیٰ ایس ایم منیر ، صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ہونے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صنعتوں اور غریب عوام کے لئے مہنگائی کا طوفان قرار دیا ہے۔
ایس ایم منیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ پیٹرول سستا ہونے کے ثمرات سے عام آدمی محروم رہا اور پیٹرول سستا ہونے سے کچھ سستا نہیں ہوا تھا مگر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔
ایس ایم منیر نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںمسلسل اضافے سے پیداواری و کاروباری لاگت کے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا، صنعتی اور ایس ایم ایز کو پہلے ہی روز بروز بڑھتی ہوئی پیداوار و کاروباری لاگت کے شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے یہ دباؤ مزید شدید ہوگا۔ شیخ عمر ریحان نے کہاکہ عالمی وباء کے پھیلاؤ کے باعث موجودہ حالات میں جب عوام کو مزید ریلیف کی ضرورت تھی۔
پیٹرول مہنگا کرناعوام دشمنی ہے،انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرکے غربت کا خاتمہ، صنعتوں کے فروغ اور ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بہت ہی معمولی فائدہ عوام کو پہنچایا گیا، موجودہ اضافے کے سبب حکومت نے اب غریب عوام اورملکی انڈسٹری کو مہنگائی کے ایک اور طوفان میں جکڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں:ڈرگ مافیا بھی بے لگام، ادویات کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں