بھارتی اداکارہ کرینہ کپور اور بالی ووڈ ہیرو سیف علی خان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور تہنیتی پیغامات کی بھرمار کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح4 بج کر 45 منٹ پر کرینہ کپور برج کینڈی ہسپتال ممبئی میں داخل کی گئیں جہاں 8 بج کر 30 منٹ پر دوسرے بچے کی پیدائش کی خوشخبری سننے کو ملی۔ تاحال سیف علی خان یا کرینہ کی طرف سے دوسرے بچے کی پیدائش کی تازہ ترین تصاویر یا نام پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں تیمور علی خان نامی بیٹا پیدا ہوا تھا جس کی عمر 4 سال بتائی جاتی ہے۔ سن 2016ء میں تیمور بھارت کے مقبول ترین بچوں میں شمار ہونے لگا۔
بھارتی میڈیا بھی سیف علی خان کے بیٹے تیمور کو بے حد اہمیت دیتا نظر آتا ہے اور سوشل میڈیا صارفین بھی اس کے گن گاتے نظر آتے ہیں۔ سن 2018ء میں انٹرنیٹ سرچنگ انجن یاہو کی ہارٹ تھروب شخصیات کی فہرست میں تیمور والدین سے آگے رہا۔
سب سے پہلے بچے تیمور کی پیدائش کے بعد مداح کرینہ کپور اور سیف علی خان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کے منتظر تھے۔ خوشخبری سنتے ہی مداحوں نے کرینہ اور سیف علی خان کو مبارکباد، دعائیں اور تہنیتی پیغامات بھیجنا شروع کردئیے۔
یہ بھی پڑھیں: سیف کی بیٹی سارہ علی خان کو راہ گیر بھکارن سمجھ کر پیسے دینے لگے