کراچی کے یونیورسٹی اسٹوڈنٹس نے روبوٹکس مقابلوں میں میدان مارلیا۔
یو آئی ٹی یونیورسٹی میں منعقدہ ایونٹ میں روبوٹس کے درمیان لائن فلونگ ربوٹس، روبووار، روبو سوکر اور روبو سومو جیسے زبردست مقابلے کروائے گئے۔ مقابلوں میں کراچی کی دس بڑی جامعات کے طلبہ و طالبات سمیت مختلف کالجز اور اسکولز کے طلبہ نے بھی حصہ لیا۔ مقابلہ جیتنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق طلبہ نے بلو ٹوتھ الیکٹرانک ایپ سے چلنے والے ربوٹس کے درمیان مقابلہ کروا کر بتا دیا کہ پاکستانی طالب علم بھی روبوٹس کی دنیا میں کسی سے پیچھے نہیں۔
اس موقع پر وائس چانسلر یو آئی ٹی یورنیورسٹی ڈاکٹر ولی الدین نے طلبا کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اچھا انجینئر بننے کے لئے لازمی ہے کہ جو کتابوں میں پڑھا جائے اس پرحقیقی دنیا میں بھی عمل کرنا سکھایا جائے تاکہ جب طلبا عملی دنیا میں قدم رکھیں تو انہیں مشکلات کا سامنہ نا کرنا پڑے۔