مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے پاراچنار کے حوالے سے کراچی کے 12 مقامات پر جاری احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے شہر بھر میں ٹریفک جام کا سامنا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ناتھا خان پر مظاہروں کے باعث کراچی ایئرپورٹ جانے والا راستہ بند ہے جبکہ کامران چورنگی، ملیر 15، اور ابو الحسن اصفہانی روڈ (عباس ٹاؤن کے قریب) پر احتجاج جاری ہے، جس کی وجہ سے ان علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
یونیورسٹی روڈ (سماما کے قریب) اور نمائش چورنگی پر بھی مظاہرین نے اہم راستے بند کر رکھے ہیں، جبکہ شاہراہِ پاکستان (انچولی کے قریب) اور سرجانی ٹاؤن جانے والے راستے بھی ٹریفک مسائل سے دوچار ہیں۔
اسٹیل ٹاؤن موڑ اور کورنگی ڈھائی نمبر پر مظاہروں کے باعث بھاری ٹریفک جام ہے جبکہ ناتھا خان پل کے قریب شاہراہِ فیصل شدید بلاک ہے۔
پولیس مظاہرین کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے اور ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کے لیے کم از کم ایک لین کھولنے کی درخواست کی جا رہی ہے لیکن مظاہرین کے انکار کی وجہ سے مسافروں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ایم اے جناح روڈ جانے والی ٹریفک کو سولجر بازار کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ عباس ٹاؤن جانے والی ٹریفک کو پیراڈائز بیکری سے فریہ چوک کی طرف ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے۔
فائیو اسٹار چورنگی جانے والے شہری سروس روڈ استعمال کر رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی روڈ کی ٹریفک کو اندرونی علاقوں کی طرف موڑا جا رہا ہے۔ شاہراہِ فیصل جانے والوں کے لیے پہلوان گوٹھ کے راستے ایئرپورٹ کا راستہ کھلا ہے۔
ملیر اور کورنگی سے ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو شاہ فیصل کالونی پل استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ قومی شاہراہ سے ملیر 15 آنے والے شہریوں کے لیے ملیر ہالٹ سے ماڈل کالونی تک کا راستہ دستیاب ہے۔
سرجانی ٹاؤن جانے والوں کو کے ڈی اے فلیٹس کی سروس روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واٹر پمپ سے کارڈیو اسپتال اور گلبرگ چورنگی جانے والے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کامران چورنگی جانے والے شہری موسمیات سے یونیورسٹی روڈ کا راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔ ناظم آباد جانے والی ٹریفک کو لسبیلہ اور تین ہٹی کے راستے بھیجا جا رہا ہے۔ قومی شاہراہ اور ٹاؤن شپ کی طرف جانے والوں کو پورٹ قاسم کے راستے کی تجویز دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے ان متبادل راستوں کو اپنانے کی اپیل کی ہے تاکہ ٹریفک کی صورتِ حال بہتر بنائی جا سکے۔