پاکستان اور سری لنکا کی ون ڈے کرکٹ سیریز کے حوالے سےشہر کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔ کرکٹ میچ براہِ راست دیکھنے والوں کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی تک پہنچانے کے لیے شٹل سروس کا استعمال کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے شائقین اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سیکورٹی فراہم کی جائے گی اور 2000 سے زائد سیکورٹی اہلکار اور افسران اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ شہریوں کو اپنی گاڑیاں اردو یونیورسٹی گراؤنڈ اور غریب نواز فٹ بال گراؤنڈ میں پارک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکن ٹیم کی آمد سے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے،چیئرمین پی سی بی
جاوید مہر نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر اور رعنا لیاقت علی گرلز کالج میں بھی پارکنگ کی جاسکے گی، جبکہ میچز کے دوران متبادل راستوں کے انتظامات کو بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔شہری پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے دوران کارساز، اسٹیڈیم روڈ اور نیوٹاؤن کے متبادل راستے اختیار کرسکیں گے جبکہ نیپا، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی اور یونیورسٹی روڈ پر بھاری ٹریفک داخل نہیں ہوسکے گی۔
یاد رہے کہ شہر قائد کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جانے والی ون ڈے کرکٹ سیریز میں شائقین عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔پہلے ون ڈے میچ کو براہِ راست دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت انتہائی سستی کا شکار ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کے لیے چلائی جانے والی اشتہاری مہم کے باوجود عوام میں کرکٹ کے جنون کو فروغ دینے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں کو میدان میں آنا پڑا۔
مزید پڑھیں: نیشنل اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لیے شائقین کی طرف سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ