کراچی: نجی کمپنی کے فنانس منیجر اور مالک کو دن دہاڑے گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا، ڈاکو 1 کروڑ روپے چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈکیتی کا یہ واقعہ کراچی کے علاقے بہادر آباد میں پیش آیا جہاں چار مینار چورنگی پر چھینا جھپٹی کی بڑی واردات ہوئی۔ موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان فنانس منیجر سے 1 کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
نیو ٹاؤن تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کرادیا گیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ میں بینک سے کیش لے کر گلی میں داخل ہوا تو 2 مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر آئے جنہوں نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ ملزمان 1 کروڑ سے بھرا ہوا بیگ لوٹ کر فرار ہوگئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں۔ مدعی مقدمہ فنانس منیجر کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو سامنے آنے پر پہچان سکتا ہوں۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیے گئے مقدمے کے متن کے مطابق گزشتہ روز واقعے کی ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ میرا نام نصیر احمد ہے اور میں میکسم گروپ آف کمپنیز میں فنانس منیجر کی حیثیت سے کام کرتا ہوں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق گزشتہ روز دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر چار مینار چورنگی کے قریب بینک الحبیب پر اپنے کمپنی مالک بلال تنویر کے ہمراہ گیا اور بینک سے 1 کروڑ روپے کیش کرائے۔ کیش لے کر گاڑی میں بیٹھا اور بینک والی گلی میں ہی ہم پر ڈاکہ پڑ گیا۔
فنانس منیجر کے بیان کے مطابق بینک والی گلی میں ہی موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد سامنے آگئے۔ ایک کے ہاتھ میں پستول تھا۔ گاڑی کے شیشے پر پستول دکھا کر شیشہ کھولنے کا کہا گیا۔ میرے کمپنی مالک نے دروازہ کھول دیا۔
بیان کے مطابق مسلح لڑکے نے بیگ حوالے کرنے کا کہا۔ میں نے 1 کروڑ کی رقم سے بھرا ہوا بیگ اس کے حوالے کردیا، جس کے بعد ڈاکو مین روڈ کی طرف بھاگ نکلے۔ میری درخواست ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اے وی ایل سی پولیس کی کارروائی، 6 ملزمان گرفتار، 5 موٹر سائیکل برآمد