کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل اور بھتہ خوری جیسے سنگین جرائم میں ملوث بدنامِ زمانہ روپوش ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ایسٹ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث ملزم محمد ایوب کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزم ایوب گزشتہ برس 7 دسمبر کے روز تھانہ نیوٹاؤن کی حدود میں بہادر آباد کے علاقے میں بھتہ خوری میں ملوث پایا گیا۔
ملزم نے 4 ساتھیوں کے ہمراہ کراؤن بلڈر آفس بہادر آباد میں داخل ہو کر 50 لاکھ روپے بھتہ وصولی کیلئے دھمکیاں دیں جس کا مقدمہ تھانہ نیو ٹاؤن میں درج کیا گیا تھا۔ ملزم لیاری گینگ وار کے کارندے وسیم عرف وسیم بھیا کا شریکِ جرم اور قریبی ساتھی ہے۔
ضلع ایسٹ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران ملزم وسیم کو پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا اور ملزم کا دوسرا ساتھی بھی گرفتار ہوچکا ہے۔ گرفتار ملزم ایوب کے قبضے سے گرفتاری کے دوران غیر قانونی اسلحہ 1 پستول اور 3 راؤنڈز برآمد ہوئے۔
سابقہ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ملزم کے خلاف 3 مقدمات تھانہ عزیز بھٹی جبکہ 1 تھانہ کھارادر میں درج ہے۔ دیگر تھانوں سے ملزم کا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔