کراچی میں خود کو حساس ادارے کا اہلکار ظاہر کرکے معصوم شہریوں کو لوٹنے والے جعلساز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزم کو شہرِ قائد میں شہریوں کو لوٹنے کے جرم پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے عزیز آباد پولیس نے گرفتار کیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے کئی برسوں سے دردِ سر بننے والے عمران آگاہی نے کامران نامی شہری کو 25 لاکھ کا چونا لگایا۔
کامران کو ملزم عمران آگاہی نے 25 لاکھ روپے کا چیک دیا جو ملزم کے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے کے باعث باؤنس ہوگیا۔ رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے پر ملزم نے کامران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جبکہ کراچی پولیس کے مطابق ملزم سرکاری زمینوں پر قبضے اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہے۔
واضح رہے کہ عمران آگاہی کو ماضی میں بھی گرفتار کر لیا گیا تاھ، تاہم پولیس کی روایتی کمزوری اور نذرانہ وصولی کے بعد ہر بار اسے عدالتوں سے رہائی ملتی رہی۔ ملزم حساس اداروں کے ساتھ ساتھ میڈیا کا بھی نام استعمال کرتا رہا جس کے مزید جرائم پر تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمران آگاہی کو جعلسازی، دھوکہ دہی اور فراڈ کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کے نام کا غلط استعمال کرنے اور شہریوں کو لوٹنے کے جرائم میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تفتیش کے بعد عمران آگاہی کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔