اسلام آباد /پشاور: وفاقی حکومت نے کامیاب نوجوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ شروع کر نے کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں کو اسلامی بینکنگ کے تحت بلا سود قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔درخواست گزاروں کو قرض کی تقسیم رواں ماہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔
پیر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے وزیراعلی کے پی کے محمود خان سے ملاقات کی جس میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا,سینئر وزیر عاطف خان اور مشیروں نے شرکت کی۔
عثمان ڈار کی طرف سے اسلامی بینکنگ کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے کے تحت دی گئی درخواستوں کی اسکروٹنی حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں :وزیر اعظم عمران خان نے ”کامیاب جوان پروگرام” کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی قائم کردی
عثمان ڈار نے بتایا کہ صوبے بھر سے 5 ہفتوں میں 90 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔سب سے زیادہ درخواستیں پشاور سے موصول ہوئی, 11 ہزار خواتین بھی شامل ہیں ۔سوات,چترال,مردان, مانسہرہ شانگلہ اور ایبٹ آباد کے اضلاع سر فہرست رہے۔
پختون خواہ کے ضم شدہ اضلاع سے بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد نے درخواستیں دیں۔22 سال سے 30 سال تک کے نوجوانوان نے پروگرام میں نمایاں دلچسپی ظاہر کی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح اور ترقی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔صوبے میں موصول شدہ درخواستوں کو فوری پراسس کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی منصوبہ بندی کے تحت آئندہ ماہ سے قرض کی تقسیم شروع ہوجائیگی۔وزیر اعلیٰ نے ضم شدہ قبائلی علاقے کے نوجوانوں کے لئے ٹائم لائن بڑھانے کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم سے عثمان ڈار کی ملاقات ،کامیاب جوان پروگرام کی رپورٹ پیش کر دی