بھارتی میوزک انڈسٹری کی مشہور شخصیت، ڈانسر اور ریئلٹی ٹی وی اسٹار شیفالی جریوالا اچانک دل کا دورہ پڑنے سے 42 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
شیفالی کو 2002 میں ریلیز ہونے والے معروف گانے “کانٹا لگا” میں اپنی جاندار پرفارمنس کے باعث شہرت ملی تھی جو ان کی پہچان بن گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کی شب شیفالی جریوالا کو اچانک دل کا دورہ پڑا۔ ان کے شوہر، اداکار پراگ تیاگی اور تین قریبی افراد نے فوری طور پر انہیں ممبئی کے اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ شیفالی اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کر چکی تھیں۔
اگرچہ تاحال موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی تاہم ابتدائی اطلاعات میں دل کا دورہ ہی ان کے انتقال کی ممکنہ وجہ بتائی گئی ہے۔
شیفالی جریوالا کو “کانٹا لگا” کے علاوہ “کبھی آر کبھی پار” کے ریمکس میں بھی ان کی دلکش پرفارمنس پر سراہا گیا۔ ان کے منفرد انداز اور اعتماد سے بھرپور ڈانس نے انہیں لاکھوں مداحوں کا پسندیدہ فنکار بنا دیا تھا۔
ان کی اچانک موت پر نہ صرف ان کے مداح افسردہ ہیں بلکہ بالی ووڈ انڈسٹری بھی سوگوار ہے۔ کئی مشہور شخصیات اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر شیفالی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔