کراچی: مون سون کے سیزن قریب آتے ہی کے الیکٹرک اور ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)نے مشترکہ طور پر ڈی ایچ اے فیز 4اور 8میں دو نئے ایلی ویٹڈ(زمینی سطح سے بلند ) سب اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔
ڈی ایچ اے کے ایڈمنسٹریٹر ، بریگیڈیئر رائے عاصم مصطفی ان دو سب اسٹیشنز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔دیگر شرکاء میں ڈی ایچ اے کے چیف انجینئر، کرنل راشد جاوید بٹ ، ڈی ایچ اے کے پروجیکٹ ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر، (ریٹائرڈ) کرنل ارشاد قدیر شیخ، ڈی ایچ اے ڈائریکٹر مارکیٹنگ – (ریٹائرڈ)کرنل کاشف افضل ، ڈی ایچ اے ڈائریکٹرکوآرڈی نیشن – (ریٹائرڈ)کرنل بلال احمد شیخ اور ڈی ایچ اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکٹریکل۔ (ریٹائرڈ)لیفٹیننٹ کرنل محمد فراز جبکہ کے الیکٹرک کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر – مونس علوی، چیف ڈسٹری بیوشن آفیسر – عامر ضیا، چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر سعدیہ دادا، اور مینجمنٹ کے اہم افسران موجود تھے۔
سب اسٹیشنز کو زمینی سطح سے اونچا کرنا کے الیکٹرک کے وسیع تر منصوبے کے عین مطابق ہے، تاکہ بارشوں کے دوران بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔یہ گزشتہ سال ، ریکارڈ بارشو ں کے بعد، کے الیکٹرک کی جانب سے جاری رین مٹی گیشن سرمایہ کاری پلان کا حصہ ہے۔
بارشوں کے نقصانات کم کرنے کے اس منصوبے کے تحت، متاثرہ سب اسٹیشنوں اور متعلقہ تنصیبات کی نشاندہی کے بعد ، ان حساس تنصیبات کو سطح زمین سے مزید بلند کیا جارہا ہے اور اندر موجود آلات کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
ان کاوشوں کے باعث برساتی پانی کی نکاسی کے لئے شہری انتظامیہ کو بھی بہت مدد ملے گی، خصوصا نشیبی علاقوںمیں جہاں شہری سیلاب کا زیادہ خطرہ موجود رہتا ہے۔ اب تک، پروجیکٹ کے پہلے فیز کا 90فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے۔
ڈی ایچ اے اور کلفٹن میں شناخت کئے گئے علاقوں میں اب تک 18سب اسٹیشنز کو اونچا کیا گیا ہے۔مزید برآں، کے الیکٹرک نے ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے منتخب علاقوں میں 104 رنگ مین یونٹس، 338فیڈرپلر باکس اور 112 سب اسٹیشن کی تزئین و آرائش کو بھی مکمل کرلیاہے ۔
منتخب مقامات پر ایریل بنڈلڈ کیبلز اور تبازہ شدہ زیر زمین کیبلز بھی تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ڈی ایچ اے کے ایدمنسٹریٹر ، بریگیڈیئر رائے عاصم مصطفی نے منصوبے کی تفصیلات سننے کے بعد، اسے سراہتے ہوئے کہا کہ ، ’’آنے والے مون سون سیزن میں کراچی کوبجلی کی محفوظ تر فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں۔ڈی ایچ اے بھی رین مٹی گیشن اسٹریٹجی پر کام کررہا ہے اور ہم اس منصوبے کی کامیابی اورتمام متاثرہ علاقوں میں متعلقہ کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ تاکہ تمام متاثرہ علاقوں میں اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر – مونس علوی نے کہاکہ؛ ڈسٹری بیوشن انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے ان علاقوں میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے جو گزشتہ سال بارشوں کے دوران متاثر ہوئے تھے۔ہمیں شہریوں کو محفوظ رکھنے اور بجلی کی قابل بھروسہ فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنے منصوبے پر تیز رفتاری سے پیشرفت پر بے حد خوشی ہے۔میں ڈی ایچ اے کی طرف سے ان کے تعاون پرشکریہ ادا کرتا ہوں اور باہمی تعاون کا یہی جذبہ کراچی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔