کراچی: بلوچ کالونی تھانے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے چھاپہمار کر مغوی کو بازیاب کرالیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس نے بھتہ وصولی کے لئے محمد عابد کو غیر قانونی طور پر حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا، ڈسٹرکٹ جج ساوتھ کے حکم پر جوڈیشل مجسٹریٹ فیز V ساوتھ مظہر علی نے تھانے میں چھاپہ مار کر مغوی کو رہا کرایا۔
ذرائع کے مطابق محمد عابد کارپینٹر ہے، پولیس نے 2 روز سے بغیر کسی مقدمے اور روزنامچہ انٹری کے بغیر محمد عابد کو حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ فیز V ساوتھ مظہر علی نے ایس ایچ او بلوچ کالونی ارشاد سومرو، ڈیوٹی آفیسر اور اہلکار کامران کو پیر کے روز عدالت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیے۔
دوسری جا نب ویسٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشن معمار کے علاقے میں کامیاب کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں دو فراڈیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ سہائے عزیز کے مطابق خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے وارداتیں کرنے والے دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے گینگ کا ایک رکن واردات کیلئے جگہ کا تعین کرتا تھا، گینگ کے ارکان خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے گھر میں داخل ہوتے۔
ایس ایس پی سہائے عزیزنے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے غیرقانونی اسلحہ اور لوٹی گئی رقم برآمد کرلی گئی ہے، ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے وارداتیں کرنے والے دو فراڈیئے گرفتار