کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے یوم صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف آزادی اظہار رائے کے حق پر پختہ یقین رکھتی ہے ہم قلم کے وقار کے لئے صحافیوں کی طرف سے دی جانے والی بے پناہ قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کراچی میں نہایت سنگین اور خراب حالات میں بھی صحافیوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم صحافت کے حوالے سے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ خصوصی پیغام میں کیا۔
حنید لاکھانی نے کہا کہ تین مئی کو صحافی برادری اس عہد کی تجدیدکرتی ہے کہ چاہے حالات کتنے بھی مشکلات سے بھرپور کیوں نہ ہوں وہ اپنے فرض کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اس کے لیئے حکومت کو بھی صحافتی حلقوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حملے، دھمکیاں، اغوا، جبری برطرفیاں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باوجود صحافت کا وجود مضبوط چٹان کی مانند ہے، پاکستان میں صحافت کے لیئے آمرانہ اور جمہوری ادوار میں مشکلات رہیں، آزادی صحافت کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔
دنیا کے انقلابات صحافت کی طاقت کے بغیر نا ممکن رہے، پاکستان میں صحافیوں کو نہایت مشکل حالات کا سامنا رہا صحافت کسی بھی ریاست کا نہایت اہم ستون ہوتا ہے صحافیوں کاکام ہوتاہے حق و سچ کو سامنے لانا اور حقائق کو منظر عام پر لانا۔
انہوں نے کہا کہ صحافت ایک باعزت اور مقدس شعبہ ہے جس کا تعلق بالواسطہ عوامی خدمت سے ہے، ایک سچا اور کھرا صحافی کبھی بھی اپنی ذمہ داریوں اور فرائض میں کوتاہی نہیں کرتا اور اور پوری ایمانداری سے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صحافیوں کے لیئے کوئی کام نہیں کیا ہر دور میں صحافیوں کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا، پی ٹی آئی کی حکومت صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیئے اقدامات کر رہی ہے، پی ٹی آئی آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے اور یہی جمہوریت کا حسن بھی ہے۔