کراچی: سی پی ایل سی اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان میں ملوث عناصر کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں سی پی ایل سی اورسی آئی اے یونٹ نے مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران اغوا برائے تاوان میں ملوث 4 رکنی منظم اغوا کار گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں صابر خٹک، پیر محمد سرکی، جنید جانوری،صدام حسین شامل ہیں جبکہ ملزمان بخش کھوسو، جان محمد سومرو اور غنی سومرو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ کامیاب کارروائی کے دوران عبید ملک نامی مغوی بحفاطت بازیاب کرالیا گیا ہے، مغوی کو 17نومبر کو شاہ لطیف میں اسٹیٹ ایجنسی سے اغواکیا گیا اور رہائی کے عوض 2 کروڑ تاوان طلب کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کراچی میں ضلع شرقی پولیس نے مختلف کارروائیاں کر کے جعلی فوجی افسر سمیت دیگر جرائم میں ملوث چھ ملزمان گرفتار کر لیے، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پولیس نے کارروائی کر کے جعلی فوجی کیپٹن گرفتار کرلیا، ملزم ارسلان سے جعلی کارڈ اور وردی بھی برآمد کرلی گئی۔
ملزم خود کو جعلی فوجی افسر ظاہر کرکے شہریوں کو بلیک میل کرتا تھا اور خاتون کانات کے ساتھ مل کر شہریوں اور سرکاری افسروں کو بلیک میل کرکے غیرقانونی کام نکالتے تھے۔
مزید پڑھیں: جامعہ کراچی کے رہائشی اوباش لڑکے طالبات کو ہراساں کرنے پر ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار