کراچی: جماعتِ اسلامی نے حکومت پر بلدیاتی الیکشن میں نتائج بدلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی ملک کے مختلف شہروں میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مبینہ طور پر بدلے جانے کے ردِ عمل کے طور پر احتجاج کرے گی۔ امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق نے اجلاس طلب کر لیا۔
تحریک انصاف قومی اسمبلی میں واپس آسکتی ہے، عمران خان
جماعتِ اسلامی کی سینئر مرکزی قیادت امیر جماعتِ اسلامی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شریک ہوگی جس میں ملک گیر احتجاج کیلئے آئندہ کا لائحۂ عمل تشکیل دیا جائے گا۔ جماعتِ اسلامی قیادت نے سر جوڑ لیے۔
امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مل کر ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کوشش کی جبکہ بلدیاتی انتخابات میں جماعتِ اسلامی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
جماعتِ اسلامی کا دعویٰ ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حقیقی نتائج کے مطابق میئر کراچی جماعتِ اسلامی سے آئے گا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر ہمارے میئر کو روکا گیا تو سارے آپشنز استعمال کریں گے۔ ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے دوران نتائج بروقت جاری نہیں کیے اور غیر ضروری تاخیر کی گئی، تاہم کمیشن حکام نے الیکشن کے دوران دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
الیکشن کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم الرحمان نے شکایات کیں۔ ہم نے ان کی ساری شکایات کو دور کردیا ہے۔ الزام ہے کہ کورنگی میں نتائج تبدیل ہوئے۔ دھاندلی کے تمام تر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔