روم: اٹلی کے وزیرِ اعظم جوزیپے کونتے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد دوبارہ حکومت بنانے کیلئے پر عزم ہیں تاہم ان کے استعفے سے ملک میں نیا سیاسی بحران جنم لے چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدارتی محل سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق اٹلی کے وزیرِ اعظم ایک نئے اتحاد کے ہمراہ دوبارہ حکومت بنائیں گے جس کیلئے انہوں نے خود استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔
مستعفی وزیرِ اعظم جوزیپے کونتے نے گزشتہ روز باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ صدر کے حوالے کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے اٹلی کی نئی حکومت اتنی آزاد ہوگی کہ عوامی مفاد میں آزادانہ فیصلے کرسکے۔
پارلیمان میں بدھ کے روز سے ہی نئے اتحاد کے قیام کیلئے مشاورت شروع ہوجائے گی۔ مستعفی وزیرِ اعظم جوزیپے کونتے نے استعفے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ اٹلی کے صدر کو میں ذاتی طور پر جا کر حکومت کے خاتمے سے آگاہ کروں گا۔
بیان کے مطابق اٹلی کے مستعفی وزیرِ اعظم نے کہا کہ صدر سیرجوماتریلا نئی صورتحال میں تمام تر اختیارات رکھتے ہیں، یہ ان کی صوابدید پر ہے کہ کس رہنما کو نئی حکومت بنانے کیلئے دعوت دی جائے یا پھر انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
دوسری جانب عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ اٹلی میں وزیرِ اعظم کے استعفے کے بعد نیا سیاسی بحران پیدا ہوا ہے۔ استعفے کے اعلان کے ساتھ اٹلی میں سیاسی حالات مخدوش ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی نے پاکستانیوں کیلئے ورک ویزوں کے اجراء کی اجازت دیدی