اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے اور اس کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین پارٹی ڈسپلن کو یقینی بنائیں، وزیراعظم نے کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ پبلک کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پہلی بار ہوائی حادثات کی رپورٹس پبلک کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چینی اور گندم بحران کی رپورٹ بھی موجودہ حکومت نے پبلک کی، اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا، پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کے فیصلوں اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے وزرا ء سے گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے دوران گرما گرمی اور فواد چودہدری کے انٹرویو پر گفتگو کی،اس موقع پر اسدعمر اور شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ جبکہ اسد عمر، فواد چوہدری اور عثمان ڈار کی بھی ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں وزرا نے گلے شکوے ختم کردیئے، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں، غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں اور ہم نے مل کر پارٹی کیلئے کام کرنا ہے۔