اسرائیلی فوج نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ مکمل طور پر تباہ کرنے کے بعد دارالحکومت صنعا کا بین الاقوامی ائیرپورٹ فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ایئرپورٹ سے لوگوں کا انخلا نہیں کیا گیا وہ خود اپنی جانیں خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
اسرائیلی عہدیدار نے الحدیدہ بندرگاہ پر تقریباً 48 سے 50 بم گرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس بمباری سے بندرگاہ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ بندرگاہ کو بہت سخت ضرب لگائی گئی ہے۔ وہاں حوثیوں کی ایک اہم فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
لعربیہ کے مطابق الحدیدہ پر حملوں میں 30 سے زائد اسرائیلی طیاروں نے حصہ لیا۔ اس کے باوجود دیگر اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ بندرگاہ کو شدید فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئی۔
الحدیدہ بندرگاہ کو تباہ کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان کے بیان کے ساتھ صنعا کا نقشہ بھی دیا گیا ہے جس میں ائیر پورٹ کو سرخ رنگ سے نشان زد کیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ دھمکی گزشتہ روز یمن پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد سامنے آئی ہے جس میں کم از کم 21 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل یمنی حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے مصروف ترین بن گوریون ائیرپورٹ کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔