اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس جنوبی غزہ کے مصر سے ملحقہ سرحدی شہر رفح کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے، جس کے بعد بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کے قتل عام کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے “ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ 36 ویں ڈویژن کی افواج حماس کے ارکان کو ختم کرنے اور حماس کے بنیادی ڈھانچے کو زمین کے اوپر اور نیچے تباہ کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 36 ویں ڈویژن کی افواج نے موراگ کوریڈور کو کھول دیا جو جنوبی غزہ کی پٹی کو رفح اور خان یونس اضلاع کے درمیان تقسیم کرتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ زیر زمین سرنگوں اور حماس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا اور رفح کا گھیراؤ مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج “موراگ محور” کو قبضے میں لیکر حماس کے ارکان کو ختم کرنے اور علاقے میں تحریک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے مقصد سے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
حماس کا وفد قاہرہ میں
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حماس کا ایک وفد غزہ میں جنگ بندی پر بات چیت کے لیے قاہرہ جا رہا ہے۔ حماس کے ایک باخبر ذریعے نے بتایا ہے کہ حماس کے سینئر رہنماؤں کا ایک وفد مصری حکام سے جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت کے لیے قاہرہ پہنچنے والا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ملاقات جنگ کو روکنے، جارحیت کو روکنے اور غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کو یقینی بنانے کے معاہدے تک پہنچنے کی جانب حقیقی پیش رفت حاصل کرے گی۔