اسرائیل کی صیہونی فوج نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا خونریز سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مزید 83فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جس سے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28ہزار800سے زائد ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے تازہ کارروائی میں غزہ کے علاقے دیر البلاح میں 10 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ قابض فوج نے نصر ہسپتال پر حملہ کرکے نہ صرف طبی عملے کو گرفتار کیا بلکہ سرجری آلات بھی توڑ ڈالے۔
دریں اثناء چین کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور مظلوم فلسطینیوں تک امداد کی فوری رسائی ضروری ہے۔ عالمی برادری دو ریاستی حل کے نفاذ کیلئے عالمی امن کانفرنس بلائے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت جنگ بندی کیلئے تیار نہیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ کرنے میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں جبکہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں جنگ بندی نہ کرنے کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کا احتجاج بھی جاری ہے جس کے دوران شدید نعرے بازی کی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے صرف 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں حملوں کے دوران مزید 20 فلسطینیوں کو شہید کیا، 1 روز میں مجموعی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 112 تک جا پہنچی تھی۔