اسرائیل اور غزہ کی جنگ جاری ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کو فنڈ فراہم کرنے والے 100 سے زیادہ کرپٹو کرنسی اکاؤنٹس منجمد کردیے ہیں۔
یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب حماس نے فلسطینی عوام کی مدد کیلئے سوشل میڈیا پر چندا اکٹھا کرنے کی مہم شروع کی، انہوں نے کرپٹو کرنسی میں عطیات طلب کیں۔
اسرائیلی سائبر یونٹ نے برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر بارکلیز کا ایک بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا، جس کا ذکر حماس کی جانب سے عطیات کے لیے شائع کردہ تفصیلات میں کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیل کی توجہ اُن چینلز کو ختم کرنے پر مرکوز ہے جن کے ذریعے حماس کو مالی مدد ملتی ہے اور اس میں وہ کرپٹو ایکسچینج بائنانس سے بھی تعاون حاصل کررہا ہے۔
حال ہی میں فنانشل ٹائمز نے اس حوالے سے ایک رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ بائنانس کے تقریباََ 100 سے زیادہ اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے ہیں جبکہ 200 کے قریب اکاؤنٹس کی نگرانی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی حکام نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے کرپٹو کرنسی اکاؤنٹس میں موجود رقم کو سرکاری خزانے میں منتقل کرلیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی سائبر یونٹ نے برطانوی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر بارکلیز کا ایک بینک اکاؤنٹ منجمد کردیا، جس کا ذکر حماس کی جانب سے فلسطینی عوام کی مدد کیلئے شائع کردہ تفصیلات میں کیا گیا تھا۔