شہرِ اقتدار کی انتظامیہ نے سرکاری نرخ سے زائد منہ مانگے داموں تجارت کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 دکانداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ چھاپے مار کر 11 ایسے دکانداروں کو گرفتار کر لیا جو عوام کو ضروریاتِ زندگی کی اشیاء مہنگے داموں فروخت کر رہے تھے جبکہ گراں فروشی پر تقریباً سوا 3 لاکھ روپے مالیت کے جرمانے بھی کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں یہ اہم آپریشن گزشتہ روز کیا گیا ۔ڈی سی کی ٹیم نے 306 دکانوں پر نرخ نامے چیک کرتے ہوئے قیمت سے زائد نرخوں پر فروخت کرنے والے دکانداروں پر 3 لاکھ 23 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا جبکہ 4 دکانوں کو سربمہر کردیا گیا۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر صدر نے 48دکانوں کو45ہزار روپے، اے سی شالیمار وپوٹھوہار نے 30دکانداروں کو 20ہزار روپے ، اسی طرح اے سی آئی نائن نے 25دکانداروں پر 43ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے۔
اے سی سٹی نے 36دکانوں کوگرانفروشی پر 40ہزار روپے جرمانہ کرکے رقم سرکاری خزانے میں جمع کرادی۔ اے سی سیکرٹریٹ وکورال نے 37دکانداروں کو گرانفروشی کرتے ہوئے 43ہزار روپے جرمانہ کیا، اسی طرح اے سی رورل نے 30دکانداروں کو 26ہزار روپے کے جرمانے کئے۔
تحصیلدار اویس خان نے 11دکانداروں کو 4ہزار5سو روپے، ای ٹی او ون شریف گل نے 14دکانداروں کو ساڑھے 13ہزاراور ای ٹی او عرفان احمد نے 30دکانوں کو 52ہزار روپے تک کے جرمانے کئے۔