مکہ مکرمہ: سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کورونا وائرس کے شکار مریضوں کا دوسروں سے ملنا جلنا حرام قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مفتی اعظم سعودیہ اور علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کورونا وائرس کے شکار مریضوں کا دوسرے افراد سے ملنا جلنا حرام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وباء کی روک تھام کے لئے تمام افراد اپنے اپنے ملک کی جانب سے بتائے گئے کورونا ایس او پیز اور ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
مفتی اعظم سعودی عرب نے فتویٰ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دین فطرت ہے جو انسانی جان کے تحفظ پر زور دیتا ہے ۔ صحت مند افراد کو چاہیے کہ وہ کورونا کی وباء سے متاثرہ افراد سے دوری اختیار کریں اور صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے شکار افراد کو بھی چاہیے کہ دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے صحت مند افراد سے دور رہیں، اگر کوئی بھی شخص وبا کا شکار ہے تو اس کو چاہیے کہ وہ ’’خود کو ہلاکت میں نہ ڈالو‘‘ کے قرآنی فرمان پر عمل کرے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں سسرالیوں کے تشدد سے خاتون ہلاک، ورثاء کی پوسٹ مارٹم کی درخواست