کیا مقبول ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا سیزن 2 جلد آنے والا ہے، اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا نے اہم اشارہ دے دیا۔
’میرے پاس تم ہو‘ پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہوتا ہے، جسے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کیا، جب کہ ہدایت کاری ندیم بیگ نے انجام دی۔
ڈرامے کے پروڈیوسر ہمایوں سعید تھے اور یہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا گیا، جس نے 24.9 کی بلند ترین ٹی آر پی حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔
’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط کو پاکستان میں تقریباً 8 کروڑ سے زائد ناظرین نے دیکھا، جب کہ اے آر وائی ڈیجیٹل اور یوٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اس کے مجموعی ناظرین کی تعداد اربوں میں پہنچ چکی ہے، یہ ڈراما 17 اگست 2019 سے 25 جنوری 2020 تک نشر ہوا تھا۔
ڈرامے کی نشریات کو پانچ سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب اس کے دوسرے سیزن سے متعلق خبریں سامنے آرہی ہیں۔
حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا نے انسٹاگرام پر ڈرامے کے پروڈیوسر ہمایوں سعید اور ہدایت کار ندیم بیگ کو ٹیگ کرتے ہوئے دوسرے سیزن کے حوالے سے سوال کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ہمایوں سعید اور ندیم بیگ! کیا ہمیں ’میرے پاس تم ہو 2‘ بنانا چاہیے؟

مذکورہ پوسٹ کو ہمایوں سعید نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ری شیئر کیا۔

تاہم، ہدایتکار ندیم بیگ نے اس حوالے سے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ چونکہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کا کردار ختم ہوچکا ہے، اس لیے کچھ اور کرتے ہیں۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر بھی سیزن 2 کے امکان پر اشارہ دے چکے ہیں۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ڈرامے کا سیزن 2 واقعی آئے گا یا نہیں، تاہم مداح اس امکان پر خاصے پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔