سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں کراچی کے شہریوں کو کیمیکل والے انڈے کھلائے جانے کا مبینہ انکشاف سامنے آیا ہے۔ انڈوں سے بھری وین پکڑ لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے بفر زون میں پیش آیا جہاں شہری نے اپنا چہرہ ظاہر کیے بغیر انڈوں سے بھری وین کو ویڈیو کے ذریعے دکھایا اور دعویٰ کیا کہ وین میں جعلی انڈے بھرے ہوئے ہیں، ویڈیو میں انڈوں کو توڑ کر بھی دکھایا گیا۔
ویڈیو میں شہری کا کہنا ہے کہ ہم نے سوشل میڈیا پر دیکھا تھا اور آج ہم نے انڈوں سے بھری سوزوکی پکڑ بھی لی ہے۔ عوام کو جعلی انڈے اور زہر کھلایا جارہا ہے۔ شہری عوام کو انڈے توڑ کر بھی دکھاتا ہے جو پانی کی طرح بہہ کر وین کے اندر چلے جاتے ہیں۔
شہری کا کہنا ہے کہ ہم نے سوزوکی تیموریہ تھانے کی حدود سے پکڑی ہے۔ سوزوکی چلانے والے 2 افراد ہیں۔ دونوں افراد سے ویڈیو کے دوران پوچھ گچھ بھی کی جاتی ہے۔ شہری کا کہنا ہے کہ اس گاڑی میں کوئی نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں ہے۔