تہران: ایرانی گلوکارہ پرستو احمدی کو یوٹیوب پر نشر ہونے والے ایک ورچوئل کنسرٹ کے دوران بغیر حجاب پرفارم کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ گرفتاری ہفتے کے روز ایرانی صوبے مازندران کے شہر ساری میں عمل میں آئی۔
ان کی وکیل کے مطابق پرستو احمدی نے کنسرٹ کی ایک ویڈیو آن لائن اپ لوڈ کی، جس میں انہوں نے حجاب کے بغیر پرفارم کیا۔
اپنی ویڈیو میں پرستو احمدی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: “میں ایک لڑکی ہوں جو ان لوگوں کے لیے گانا چاہتی ہوں جن سے میں محبت کرتی ہوں۔ یہ میرا حق ہے جسے میں نظرانداز نہیں کر سکتی۔”
ان کے ورچوئل کنسرٹ کی ویڈیو نے یوٹیوب پر 1.5 ملین سے زائد ویوز حاصل کیے ہیں، جو عالمی سطح پر کافی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ ایران نے حجاب کے حوالے سے ایک نیا قانون منظور کیا ہے، جس میں خلاف ورزیوں کے لیے سخت سزائیں عائد کی گئی ہیں۔ یہ قانون صدر کے دستخط کے بعد نافذ ہوگا۔
غیر ملکی نیوز ایجنسیوں کے مطابق نئے قانون کے تحت ایران میں خواتین کیلئے اسکارف پہننا لازم قرار دیا گیا ہے اور جو خواتین عوامی طور پر اسکارف کو صحیح طریقے سے نہیں پہنے گی یا اپنے بالوں کو مکمل طور پر ڈھانپنے میں ناکام رہیں گی، انہیں جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔قانون کے تحت کلائی سے اوپر آستینیں چڑھانا بھی ممنوع ہوگا۔