اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان پاکستان کی طرف سے ثالثی کا عمل ابھی ختم نہیں ہوا جبکہ یہ عمل کبھی روکا بھی نہیں گیا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا کو دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا عمل سست ضرور ہوا ہے تاہم یہ مسلسل جاری ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم قیامِ امن کیلئے کام کر رہے ہیں جبکہ پاکستان نے ایران اور سعودی عرب میں محاذ آرائی کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب اور ایران جیسے مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ایک اہم کردار ادا کیا، جس پر مزید کام جاری ہے۔
قبل ازیں ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کیلئے پاکستانی کاوشیں اُس وقت منظرِ عام پر آئیں جب آئل انڈسٹری پر حملے ہوئے جن کا الزام امریکا نے ایران پر عائد کیا۔
انٹرویو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے طویل عرصے سے جاری پاک بھارت تنازعات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مسلمان نریندر مودی کے زیرِ اقتدار نازی جرمنی کے دور کے ظلم سہہ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان حقِ خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیرِ اعظم