کراچی میں پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے کرکٹ میچز کے دوران کرکٹ پر آن لائن جوئے کا عالمی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، پولیس نے کاشف عرف ڈالڈا سمیت 3 برے بکیز کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود سے چلنے والا بکیوں کا بین القوامی نیٹ ورک پکڑا گیا۔اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیکنیکل اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران شہر کے تین بڑے بکی دھرلئے گئے۔
سچل تھانے کی حدود میں میمن نگر مبینہ ٹاؤن سے بڑا نیٹ ورک گرفت میں آگیا جس پر تحقیقات جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں میچ پر بڑے پیمانے پر جوئے کاانکشاف سامنے آیا ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا کے مطابق 18 فروری کو ہونے والی بکیوں کی اہم بیٹھک سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں جن پر کارروائی کرتے ہوئے بکیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
تکنیکی بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران پی ایس ایل کے میچز پر جمال سپر اسٹور کے قریب مکان نمبر 1043 این، بلاک نمبر 1 مبینہ ٹاؤن کی چھت پر موجود کئی بکیز کے خلاف ٹیم نے دھاوا بول دیا۔
آپریشن کے دوران بدنام زمانہ بکی کاشف عرف ڈالڈا، مزمل اور احمد رضا کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ حید ررضا کے مطابق ابتدائی انٹروگیشن کے دوران ملزمان نےمتعدد انکشافات کیے۔
گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ بین الاقوامی نیٹ ورک کا حصہ ہیں اور پی ایس ایل 2021 کے میچز پر ایران، دبئی اور پاکستان کے بکیوں کے ساتھ مشترکہ طورپر بڑے پیمانے پر آن لائن جوا چلارہے تھے۔
ایس آئی یو نے چھاپے کے دوران لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس، دستاویزات اور براہ راست نشریات دیکھنے کیلئے استعمال کی جانے والی ایل سی ڈیز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ملزمان سے دیگر چھوٹے بڑے بکیوں اور سیٹ اپ سے متعلق تفتیش مکمل کرلی گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز سمیت دیگر کرکٹ میچز پر جوے سے متعلق بکیوں سے تفتیش کی تکمیل کے بعد گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دیگر بکیز اور ملزمان کی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ اور اے این ایف کا مشترکہ آپریشن، 2 ارب روپے کی منشیات برآمد