اسلام آباد:پاکستان میں کورونا کے باعث بند بین الاقوامی فلائٹ آپریشن بحال کردیا گیا ہے، 70دنوں کے بعد واپس آنے والے مسافروں کی آمد خصوصی اجازت سے مشروط ہوگی، فضائی آپریشن رات 12 بجے سے شروع ہو گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 22مارچ کو معطل کیا گیا بین الاقوامی فضائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا ہے۔
پاکستان سے بین الاقوامی فضائی آپریشن 29 مئی کی رات 12 بجے سے شروع ہو گا۔ بین الاقوامی فضائی آپریشن گوادر اور تربت کے علاوہ ملک کے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس سے بحال ہو گا۔
نوٹم کے مطابق بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں پر پابندی برقرار رہے گی، تاہم ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لئے بیرون ممالک سے مسافروں کے لانے کے لئے حکومت پاکستان کی اجازت لینا لازی درکار ہوگی۔
سفارتی عملے، خصوصی اور کارگو پروازوں پر اس فیصلہ کا اطلاق نہیں کیا جائے گا۔ آنے والے جہازوں اور عملہ کے لئے پاکستانی حکومت کی جانب سے دی گئی کورونا وائرس ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد لازمی کرنا ہوگا۔