اسلام آباد: ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ جنوری 2023 کے دوران اشیائے ضروریہ سمیت مختلف چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مہنگائی کی شرح 27 اعشاریہ 55 فیصد رہی۔
تفصیلات کے مطابق جنوری کے دوران مہنگائی کی شرح وفاقی وزارتِ خزانہ کی توقعات سے تجاوز کر گئی۔ دسمبر کے مقابلے میں جنوری کے دوران مہنگائی کی شرح 2اعشاریہ 90فیصد بڑھی۔ جنوری کے دوران مہنگائی کی شرح 27.55فیصد ریکارڈ کی گئی۔
جنوری میں مہنگائی کی شرح 26 فیصد تک رہنے کی توقع
وفاقی ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ جولائی سے جنوری تک مہنگائی کی اوسط شرح 25اعشاریہ 40 فیصد رہی جبکہ جنوری کے دوران دیہات میں مہنگائی کی شرح 3 اعشاریہ 62 فیصد زیادہ ہوئی جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی میں 2.36فیصد اضافہ ہوا۔
ادارۂ شماریات کا کہنا ہے کہ جنوری میں ماہانہ بنیادوں پر چکن 24 اعشاریہ 6 فیصد مہنگی ہوئی۔ ایک ماہ میں گندم 16.4 جبکہ چاول 14.1 فیصد مہنگے ہوئے۔ آٹا 13.2، گندم کی مصنوعات 1.7 جبکہ پیاز کی قیمت میں 9 اعشاریہ 7 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح کنفیکشنریز کی قیمت میں 5.4، پھل 5.1 جبکہ انڈے 4.3 فیصد مہنگے ہوئے۔ سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں 468.5 فیصد اضافہ ہوا۔خیال رہے کہ جنوری سے قبل مہنگائی کی شرح سال کے پہلے ماہ کے دوران 26 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیاگیا تھا۔