بھارت کی ایل او سی پر مسلسل چھیڑ چھاڑ کشیدگی بڑھنے کا سبب بن سکتی ہے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر مسلسل چھیڑ چھاڑ کا عمل تاحال جاری ہے اور بڑھتا جارہا ہے، آج بھی بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہوگیا، جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا، ایک طرف بھارت چین سے ملحقہ سرحد لداخ پر مار کھانے کے باوجود ہٹ دھرمی پر قائم ہے تو دوسری جانب پاکستان سے ملحقہ سرحد پر بھی مسلسل اشتعال انگیزیاں کررہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے متعدد مرتبہ بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا ہے، مگر اس کے باوجود ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں کمی واقع نہیں ہورہی، واضح رہے کہ رواں سال بھارت کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی 1546بار خلاف ورزیاں کی گئی ہیں، جبکہ حملوں کے نتیجے میں 15شہری شہید اور 114زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور وزیر اعظم عمران خان عالمی برادری کی توجہ اس صورتحال کی جانب متعدد بار مبذول کرا چکے ہیں۔لیکن لگتا ہے کہ بھارت ہمارے صبر کا امتحان لے رہا ہے۔

پاکستان میں سیاسی صورتحال کچھ بھی ہو لیکن بات جب بھارت کی جانب سے معصوم کشمیریوں کے قتل عام یا ایل او سی پر کشیدگی کی آتی ہے تو پوری قوم اس معاملے پر متحد نظر آتی ہے، پوری قوم اس معاملے پر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عالمی طاقتوں کو اس جانب توجہ دینی ہوگی، کہیں ہمارے صبر کا لاوا پھٹ تو اس کا نقصان صرف پاکستان اور بھارت کو نہیں ہوگا بلکہ اس کے اثرات تمام دنیا پر رونما ہوں گے۔ اس لئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی قوتوں کو چاہئے کہ اس جانب فوری توجہ دیں۔

بھارت کی عقل سے ماورا حکومت ایک جانب اپنی فوج کو چین سے بھڑوا رہی ہے، جبکہ نیپال سے ملحقہ سرحد پر بھی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے، اس کے علاوہ ایل او سی پر آئے دن کے حملے بھارت کی جنگی جنونیت کو واضح کررہے ہیں، اس تمام صورتحال میں بھارت نے اپنے جنگی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کردیا ہے، لیکن شاید بھارت بھول گیا ہے کہ(جنگیں)جنگی سازو سامان سے نہیں بلکہ بلند حوصلوں اور پختہ قوت ایمانی سے جیتی جاتی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کو باور کراچکے ہیں کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی غلطی دہرائی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

Related Posts