سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جس کے دوران 6 مظلوم کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے سری نگر، بڈگام، بارہ مولا، سوپور، کپواڑہ، ہندواڑہ، شوپیاں، اننت ناگ اسلام آباد، پلواڑہ، ترال، کلگام، کشتوار، راجوڑی اور پونچھ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی تازہ ترین ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 6 کشمیری جوانوں کو ضلع بڈگام کے علاقے بیرواہ اور بارہ مولا سے گرفتار کیا۔
اتوارکے روز بھی بھارتی فوجیوں نے 3 کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے پٹھان چوک کے علاقے میں شہید کردیا۔ گزشتہ 1 ہفتے کے دوران 10 کشمیری نوجوانوں کو سرچ آپریشن کے نام پر شہید کیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں 1 ماہ کے دوران بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران 2 لڑکوں اور ایک خاتون سمیت 20کشمیریوں کو شہیدکیا۔
قبل ازیں کشمیر میڈیاسروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے یکم ستمبر کو جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے بیشتر افراد کو جعلی مقابلوں میں شہید کیاگیا۔
مزید پڑھیں: اگست میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 20کشمیری شہید ہوئے