ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، سینئربھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، سینئربھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج
ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں، سینئربھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج

اسلام آباد:جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے سینئربھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت سے شدید احتجاج کیا۔

جمعہ کو دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے قابض بھارتی فوج کی جانب سے 30دسمبر2020 کو لائن آف کنٹرول (ایل۔او۔سی)پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اس کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے زخمی ہونے پر شدیداحتجاج کیا گیا۔

قابض بھارتی فوج کی بلاجوازاور بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں ایل۔او۔سی کے کوٹ کوٹیڑہ سیکٹر میں چونتیس سالہ محمد سرفراز ولد مشری خان پھلانی بازار میں شدید زخمی ہوگئے۔

قابض بھارتی فوج ایل۔او۔سی اور ورکنگ۔باونڈری پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ سال 2020میں بھارت نے 3097مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 28 بے گناہ شہری شہید اور 257شدید زخمی ہوئے۔

قابض بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ بے حسی پر مبنی یہ کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے، انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ وارنہ فوجی طرز عمل کے منافی اور اس کی صریحا خلاف ورزی ہے۔

زوردیا گیا کہ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

بھارت پر زوردیا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، تازہ ترین اور اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی کی دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے، ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر امن قائم کرے۔

بھارت پر یہ بھی زوردیاگیا کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کردہ اپنا کردار ادا کرنے دے۔

Related Posts