بھارتی فوج نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے اپنے فوجی آپریشن “بنیان المرصوص” کے تحت بھارت میں 26 مقامات کو نشانہ بنایا۔
یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے اُس وقت کی گئی جب بھارت نے پاکستانی فضائی اڈوں پر میزائل حملے کیے۔
پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اس جوابی کارروائی میں بھارتی افواج کی متعدد تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جن میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ، بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور سپلائی ڈپو شامل ہیں۔
بھارتی حکومت اور فوج کی جانب سے مشترکہ پریس بریفنگ میں پاکستان کی جانب سے کیے گئے ان حملوں کی تصدیق کی گئی۔یہ بریفنگ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم ، فوج کی کرنل صوفیہ قریشی اور فضائیہ کی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ شب اودھم پور، پٹھان کوٹ اور بٹھنڈہ سمیت دیگر بھارتی فضائی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
سیکریٹری خارجہ وکرم نے کہا کہ پاکستانی فوج کی یہ کارروائی اشتعال انگیزی کے مترادف تھی، جس کے جواب میں بھارت نے احتیاط اور تحمل کے ساتھ اقدامات کیے۔
ان کے مطابق پاکستان نے ڈرونز اور دیگر بھاری ہتھیاروں کے ذریعے بھارت کی مغربی سرحد پر حملے کیے، جن میں مجموعی طور پر 26 بھارتی شہر نشانے پر تھے۔
بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔کرنل صوفیہ قریشی نے الزام عائد کیا کہ پاکستان نے سری نگر، اونتی پورہ اور اودھم پور میں اسکولوں اور طبی مراکز پر بھی حملے کیے۔
کرنل صوفیہ قریشی نے پاکستان کے حملوں کے بعد دعویٰ کیا کہ بھارت مزید تناؤ نہیں چاہتاجبکہ درحقیقت بھارت گزشتہ کئی روز سے بلااشتعال جارحیت کررہا تھا۔