نئی دہلی:دوست کی بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے بھارتی فوج کے کرنل کو گرفتار کرلیا گیا۔ملزم کو گرفتار کرنے میں پولیس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرنل نیرج پر الزام ہے کہ اس نے اپنے سویلین دوست کو آفیسر میس میں بلاکر نشہ آور چیز پلائی جس کے بعد اس کی روسی نژاد بیوی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
مقامی پولیس کے مطابق واقعہ چند روز قبل پیش آیا جس کے بعد کرنل نیرج گرفتاری سے بچنے کی کوشش کرتا رہا اور اس دوران فرار ہوتے ہوئے پکڑا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کرنل نیرج کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے ملزم کی موبائل لوکیشن کو ٹریس کیا اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پہنچی تو اس نے اندر سے دروازہ بند کرلیا البتہ پولیس کی ٹیم نے تھوڑی سی مزاحمت کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کے روز پیش آیا جس میں متاثرہ خاتون کے شوہر نے کرنل کے خلاف مقدمہ درج کرایا جس میں بتایا گیا ہے کہ کرنل نیرج نے اسے اور اہلیہ کو آفیسر میس میں مدعو کیا تھا۔
جہاں اس نے خاتون کے شوہر کو نشہ آور مشروب پلایا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔پولیس کا کہناتھاکہ کرنل نیرج نے شوہر کے بے ہوش ہونے کے بعد خاتون سے زیادتی کی جب کہ مزاحمت پر اس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔