بھارتی اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو کا شمار ساؤتھ سینما کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جس نے سن آف ستھیامورتھی اور سائٹاڈل ہنی بنی سمیت بے شمار پراجیکٹس میں بے مثال اداکاری کی۔
ماضی میں اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے 2017 میں اپنی ہی فلم انڈسٹری کے ہیرو ناگا چیتنیا سے محبت کی شادی کی لیکن افسوسناک طور پر اس جوڑی کی شادی زیادہ عرصے نہیں چل سکی اور 2021 میں ہی دونوں کے مابین طلاق ہوگئی۔
سازشی تھیوریز پر مبنی کہانیاں تو بھارتی اخبارات اور ویب سائٹس پر بہت شائع ہوئیں، لیکن دونوں کی محبت کی شادی ناکام کیوں ہوئی؟ اس کی اصل وجہ کوئی نہیں جانتا کیونکہ نہ سمانتھا رتھ پربھو اور نہ ہی ناگا چیتنیا نے کبھی اس پر زبان کھولی۔
بھارتی میڈیا (بالی ووڈ شادیز) کا اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہنا ہے کہ جب اس جوڑے کی طلاق ہوئی تو بہت سے مداحوں کیلئے یہ خبر بجلی کے جھٹکے سے کم نہیں تھی جبکہ زیادہ تر مداحوں نے ناگا چیتنیا کو ہی شادی کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
بعد ازاں ناگا چیتنیا نے سوبھیتا دھولیپالا سے شادی رچالی تاہم بھارتی میڈیا کی مذکورہ پوسٹ کے مطابق سمانتھا کو اپنے سابق شوہر ناگا چیتنیا سے 200 کروڑ ملنے والے تھے جو عموماً ایسی ہائی پروفائل شادیوں کا انجام ہوا کرتا ہے کہ شوہر پر بھاری بھرکم بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔
تاہم اداکارہ سمانتھا رتھ پربھو نے رشتہ ٹوٹ جانے کے بعد اپنے سابق شوہر سے ایک پھوٹی کوڑی تک وصول کرنا مناسب نہیں سمجھا اور اداکاری کے میدان میں اپنی انتھک محنت جاری رکھتے ہوئے گلیمر کی دنیا میں اپنے نام کو قائم و دائم رکھا، جیسا کہ آج بھی اس اداکارہ کی سرگرمیوں سے پتہ چل سکتا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق سمانتھا کو ناگا چیتنیا سے طلاق کے بعد 50 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی گئی تاہم اداکارہ نے یہ پیشکش ٹھکرا دی تھی اور 50 کروڑ یا 200 کروڑ جیسی کوئی بھی رقم قبول نہیں کی، جو اپنی طرز کی پہلی مثال قرار دی جاسکتی ہے۔