پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی اور “آپریشن سندور” کی ناکامی کے بعد بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے رحیم یار خان ایئربیس کو نشانہ بنایا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات بھارت نے پاکستان کے تین فضائی اڈوں کو میزائل حملے کا نشانہ بنایاجس کے ردعمل میں پاکستان نے بھرپور فوجی کارروائی “آپریشن بنیان المرصوص” کے تحت دشمن کے متعدد عسکری ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
بھارتی حملے میں نشانہ بنائے گئے پاکستانی فضائی اڈے درج ذیل تھے: نور خان ایئربیس (چکلالہ، راولپنڈی، اسلام آباد کے قریب)،مرید ایئربیس (چکوال)، رفیقی ایئربیس (شورکوٹ، ضلع جھنگ، صوبہ پنجاب)
پاکستانی فوج کے ترجمان، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاکستان کے فضائی دفاعی نظام نے بیشتر میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا، اور فضائی اثاثوں کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔
رحیم یار خان ایئربیس پر بھارتی حملے کے دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی تاہم اس کشیدگی کے پس منظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر تشویش کا باعث بن رہی ہے۔
پاکستانی مسلح افواج نے اپنی فضائی، زمینی اور میزائل دفاعی صلاحیتوں کو مکمل طور پر فعال رکھا ہے، اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔