بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت مذاکرات سے مسئلہ کشمیرحل کریں، مذاکرات سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام اختلافات مذاکرات سےحل کریں گے اور خطے کےدیگرممالک اور عالمی برادری کو پاکستان بھارت سے یہی توقع ہے۔
ترجمان چینی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ توقع ہے پاکستان اور بھارت متنازعہ معاملات پر بات کریں گے، مذاکرات سے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی،مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے، انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، خطے میں قیام امن اور اقتصادی معاملات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیراعظم نے چینی صدر کو کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیراعظم نے کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی بات کی۔
ملاقات میں چینی صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات سے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔